شدید برف باری کے دوران ضلع کرم میں پاک فوج کی فوری ریلیف کارروائیاں

پاراچنار: (دنیا نیوز) شدید برف باری کے باعث ضلع کرم میں صورتحال متاثر ہونے پر پاک فوج نے مقامی آبادی کی امداد اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے ریلیف آپریشن شروع کر دیا۔

ضلع کرم میں سیکورٹی فورسز نے بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے مناتو گاؤں سے مقامی کالج تک برف سے ڈھکے راستے کو صاف کیا۔

اطلاعات کے مطابق ریلیف آپریشن کے دوران برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ ریلیف آپریشن کے بعد مناتو صدا روڈ پر ٹریفک پر روانی بحال کر دی گئی ہے۔

سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے علاقے میں اہم رابطوں کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔

مقامی آبادی نے سخت موسمی حالات میں مشکلات کم کرنے پر فورسز کی کاوشوں کو سراہا جبکہ پاک فوج مقامی آبادی کا خیال رکھتے ہوئے امن اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں