ملک احمد خان سے بلغاریہ کی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون پراتفاق
لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے بلغاریہ کی سفیر آئیرینا گینا ڈیوا گانچیوا نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان بلغاریہ کے ساتھ اقتصادی اور پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے، پاکستان عالمی امور میں مکالمے اور امن پر مبنی مؤقف رکھتا ہے اور دونوں ممالک کی تجارتی برادری کے درمیان روابط بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔
ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پارلیمانی، ثقافتی اور تعلیمی وفود کے تبادلے سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، قومی خبر رساں ادارے جمہوری اقدار کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اے پی پی اور بلغارین نیوز ایجنسی کے درمیان معاہدہ ایک مثبت پیش رفت ہے، قومی اسمبلی کا پاک-بلغاریہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کے مطابق پنجاب زراعت، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع رکھتا ہے جبکہ تعلیمی اور افرادی تبادلوں سے نوجوانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، انہوں نے سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کو بھی دوطرفہ روابط کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
بلغاریہ کی سفیر آئیرینا گینا ڈیوا گانچیوا نے اس موقع پر پاکستان اور بلغاریہ کے عوامی روابط کے فروغ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلغاریہ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، انہوں نے پارلیمانی روابط کے فروغ کو دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں قرار دیا۔
ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی اور ڈائریکٹر میڈیا راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔