لاہور: ماں بیٹی کے مین ہول میں گرنے کا معمہ حل نہ ہوا، ریسکیو آپریشن جاری

لاہور: (دنیا نیوز) داتا دربار کے مرکزی دروازے کے قریب ماں بیٹی کے مین ہول میں گرنے کا معمہ حل نہ ہو سکا، ریسکیو ٹیمیں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

خاتون کی ساس کا کہنا ہے کہ داتا دربار حاضری کیلئے جا رہے تھے، اندھیرا ہونے کی وجہ سے بہو اور پوتی گر گئیں، گرنے والوں میں 24 سال کی سعدیہ اور 10 ماہ کی ردا شامل ہیں۔

واسا انتظامیہ کے مطابق سیوریج لائنوں میں کسی خاتون کے ہونے کے شواہد نہیں ملے، سیوریج لائن میں ایک فٹ تک گہرا پانی ہے، پانی کا فلو اتنا تیز نہیں کہ کسی شخص کو بہا کر لے جائے، ڈیڑھ کلو میٹر تک سیوریج لائن کو چیک کر لیا گیا ہے۔

سرچ آپریشن مکمل ہونے تک ریسکیو ٹیم موجود رہے گی: ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو

ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو شاہد وحید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7 بج کر 25 منٹ پر کنٹرول روم کو کال موصول ہوئی، سرچ آپریشن جاری ہے، دس سے بارہ فٹ کی گہرائی ہے، سیوریج کی اونچائی ڈیڑھ سے دوفٹ کے قریب ہے۔

شاہد وحید نے کہا کہ کالر خاتون کا شوہر تھا جس نے اطلاع دی، 5 مین ہول سرچ کر لیے گئے ہیں، مگر ابھی تک کچھ نہیں ملا، سریچ آپریشن جاری ہے، سرچ آپریشن مکمل ہونے تک ریسکیو ٹیم موجود رہے گی، لواحقین کی تسلی تک ہم نے سرچ آپریشن کرنا ہے۔

ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو سیوریج پائپ کی چوڑائی 3 سے چار فٹ ہے، سیوریج پائپ سے ہم نے چیک کرنے کے لیے مختلف چیزیں گزاری ہیں، سیوریج لائن میں ٹائر بھی گزار کر دیکھا ہے، اب تک کے سرچ آپریشن میں کچھ نہیں ملا۔

واقعہ ٹیپا کے جاری ترقیاتی منصوبے کے دوران پیش آیا: ترجمان واسا

بھاٹی گیٹ کے قریب ماں بیٹی کےسیوریج لائن میں گرنے کے واقعہ پر ترجمان واسا نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ ٹیپا کے جاری ترقیاتی منصوبے کے دوران پیش آیا۔

ترجمان واسا کے مطابق منصوبے پر کام کے سلسلے میں متعلقہ ادارے نے مین ہولز کھولے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی واسا کا عملہ موقع پر پہنچ گیا، ایم ڈی واسا غفران احمد موقع پر موجود ہیں، ایم ڈی واسا نے واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت کر دی۔

مین ہول میں پانی کم، خاتون کا ڈوبنا مکمن نہیں: ایس ایس پی آپریشنز

ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم نے کہا کہ مین ہول میں پانی کم ہے اور پانی کی سپیڈ بھی بہت تھوڑی ہے، وہاں سے خاتون کا ڈوبنا نامکمن ہے۔

توقیر نعیم نے کہا کہ ریسکیو کے نمبر پر کال کرنے والے شخص سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، دیگر اہل خانہ سے بھی پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز لاہور کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی چیک کیا جا رہا ہے، معاملات کچھ اور معلوم ہوتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں