پاکستان توڑنے والوں کو ہماری لاش سے گزرنا پڑے گا: صدر مملکت

صادق آباد:(دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان توڑنے والوں کو ہماری لاش سے گزرنا پڑے گا۔

پنجاب کے شہر صادق آباد کے نواز آباد میں ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کچے میں سندھ حکومت یونیورسٹی بنائے گی، یونیورسٹی کی اجازت صدر دیتا ہے، میں چاہتا ہوں میڈیکل یونیورسٹی بنے۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ اور آنے والی نسل سرمایہ ہیں، فنڈز کے لیے چیف منسٹر سندھ سے بات کروں گا، میاں صاحب سے بھی بات کروں گا، یوسف رضا کو پی ایم اور مخدوم کو گورنر بنایا، ہم سرائیکیوں کی عزت کرتے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی دی تھی، میں نے اپنی پیدائش پر اذان کے بعد گولیوں کی آوازیں سنی، جیل میں قید لیڈر اب بہانے ڈھونڈ رہا ہے، بی بی کی سوچ جیسا لیڈر نہیں نظر آتا۔

آصف زرداری نے کہا کہ انہوں نے بھٹو سے سیاست سیکھی، ہم نے بھی سیکھی، کافی دوست ممالک نے کہا واپس نہ جائیں، پہلے حملے کے بعد بی بی نے کہا عوام سے وعدہ کیا پاکستان جاؤں گی،بی بی کے نصیب میں شہادت تھی، میرے گمان میں نہیں تھی ایسا ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب وہ گاڑی میں بیٹھی میں نے منع کیا کہ ضرورت نہیں جانے کی، مگر وہ نہ ڈرنے والے بھٹو کی بیٹی تھی، ہم نے سوات میں جھنڈا لگایا، مجھے پتہ تھا پیچھے بیٹھا بنیا ہمارے بچوں کو گمراہ کر رہا تھا، ہم پاکستان کو ٹوٹنے نہیں دیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان توڑنے والوں کو ہماری لاش سے گزرنا پڑے گا، جیل تو دو سال بعد پوچھتی، ابھی ڈیڑھ سال ہوا، جیل مردوں کی طرح کاٹو عورتوں کی طرح کیوں رو رہے ہو، بی بی نے 24 سال کی عمر میں جیل کاٹی، پانچ سال سکھر جیل میں بند رہی۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم مرد ہیں، ہمارا کیا، ایک نہتی لڑکی کھڑی ہوگئی، عوام اس کے ساتھ کھڑی ہوگئی، جتنا آپ جھکیں گے اتنی عزت ملے گی، جب میں پیدا ہوا تو اذان کے بعد گولیاں سنیں، ان سے نہ ڈراؤ۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ آپ تو انڈیا سے آئے، ہمارے بڑوں کی تو سات سو سال سے قبریں ہیں، پہلے پاکستان ہمارا ہے، پھر آپ کا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں