او آئی سی اجلاس: غزہ میں نسل کشی، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں قبول نہیں، پاکستان
ریاض: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی ناقابل برداشت ہے، اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں قبول نہیں۔
او آئی سی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عرب اسلامی ممالک نے غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، پاکستان غزہ میں جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے امن ، ترقی اور تعاون کیلئے او آئی سی کا کردار اہم ہے، اسرائیل کی جارحیت کو قبول نہیں کیا جائے گا، اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں، اسرائیلی اقدامات امت مسلمہ کیلئے شدید تشویش کا باعث ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ کی بحالی کیلئے اقدامات ضروری ہیں، غزہ میں جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند ہونا چاہئے، غزہ میں ہونے والی نسل کشی ناقابل برداشت ہے، فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے غیر قانونی آبادکاری قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں پائیدار جنگ بندی کیلئے برادر ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہے، پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، وزیراعظم نے غزہ امن بورڈ میں فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔