مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال: نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار انتہائی اہم دورے پر چین چلے گئے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار انتہائی اہم دورے پر چین روانہ ہو گئے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار چینی وزیرِ خارجہ کی دعوت پر بیجنگ روانہ ہوئے ہیں جہاں دونوں رہنما پاک چین دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کو علاقائی صورتِ حال کے ساتھ ساتھ دو طرفہ اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔
خیال رہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے کہ جب مشرق وسطیٰ شدید کشیدگی کی لپیٹ میں ہے، اور پاکستان اس دوران امن کے داعی کے طور پر سامنے آیا ہے، اور خطے میں قیام امن کے لیے بھرپور سفارتکاری کررہا ہے۔
پاکستانی قیادت کی کاوشوں سے اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے کی اہم بیٹھک ہوئی، جس میں علاقائی کشیدگی کم کرنے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور امن قائم کرنے کے موضوع پر مفصل بات چیت ہوئی اور متعدد تجاویز پر غور کیا گیا، جس کے دوران تمام فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔
مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے جبکہ اگلا دور جلد شروع کیا جائے گا، جس میں دی گئی تجاویز پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں ایک دوسرے کو آگاہ کیا جائےگا۔