پاکستانی مشن اور یو این او سی ٹی کا دہشتگردی کے نئے رجحانات پر مشترکہ اجلاس

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نے اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسدادِ دہشت گردی (یو این او سی ٹی) کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے نئے اور ابھرتے رجحانات کے موضوع پر تقریب کا انعقاد کیا ہے۔

تقریب نے مختلف نقطۂ نظر کے حامل سفارت کاروں، اقوامِ متحدہ کے پالیسی ماہرین، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور تعلیمی اداروں سے وابستہ انسدادِ دہشت گردی کے ماہرین کو اپنے خیالات کے تبادلے کیلئے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔

تقریب کی مشترکہ صدارت اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد اور یو این او سی ٹی کے قائم مقام انڈر سیکرٹری جنرل مسٹر الیگزینڈر زویوف نے کی۔

افتتاحی کلمات دونوں شریک صدور نے ادا کیے جبکہ مسٹر رافع شاہ، چیف، پالیسی، نالج مینجمنٹ اینڈ کوآرڈینیشن برانچ، یو این او سی ٹی، نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

افتتاحی خطاب میں سفیر عاصم افتخار احمد نے تیزی سے بدلتے ہوئے خطرات کے منظر نامے، زینوفوبیا نسل پرستی اور دیگر اقسام کی عدم برداشت، مذہب یا عقیدے کے نام پر انتہا پسندی، عالمی انسدادِ دہشت گردی کے ڈھانچے اور پابندیوں کے نظام میں موجود خلا، قومی حکومتوں کی حدود سے ماورا خطرات سے نمٹنے کی مشکلات اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جوابدہی کے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے علاقائی تناظر میں دہشت گرد گروہوں کی جانب سے جدید ذرائع کے بڑھتے ہوئے استعمال اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی اجاگر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں