وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا گوادر میں خواتین کے پہلے بازار گوادر ویمن بازار کا افتتاح

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر میں خواتین کے پہلے بازار گوادر ویمن بازار کا افتتاح کر دیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر ویمن بازار میں 14 دکانیں قائم ہیں جس سے خواتین کو روزگار کے مواقع میسر آنا شروع ہونگے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ویمن بازار گوادر کا دورہ کیا، خواتین دکانداروں سے ملاقات کی تاہم خواتین کو درپیش مسائل اور تجاویز سے آگاہی حاصل کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ایسے منصوبے معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے، گوادر ویمن بازار خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔

سرفرازبگٹی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت خواتین کو کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، ویمن بازار جیسے اقدامات کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا جبکہ خواتین کی معاشی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، حکمت عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا گوادر میں ویمن بازار جیسے منصوبے سماجی و اقتصادی استحکام کو فروغ دیں گے، خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنا روشن مستقبل کی ضمانت ہے، حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں