وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں اہم قراردادیں منظور

مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں اہم قراردادیں منظور کر لی گئیں۔

کابینہ نے امریکہ ایران کشیدگی میں کردار پر پاکستانی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا، صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سراہا گیا۔

کابینہ نے پاکستان کو عالمی امن کے لیے اہم کردار ادا کرنے والا ملک قرار دیا، پہلگام واقعہ کو منظم فالس فلیگ آپریشن قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی گئی، کابینہ نے آپریشن سندور کو مقبوضہ کشمیر میں جبر کا جواز قرار دیا۔

بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور میڈیا بلیک آؤٹ کی مذمت کی گئی۔

کابینہ نے پہلگام واقعہ کی شفاف بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا، اقوام متحدہ سے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔

کابینہ نے تحریک آزادی کشمیر کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، بلاول بھٹو زرداری کے عالمی میڈیا پر مؤقف اجاگر کرنے کو سراہا گیا۔

وزیراعظم فیصل راٹھور کی قیادت میں حکومتی اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا گیا، حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی۔

آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا کو انصاف کا قتل قرار دیا گیا، مسرت عالم بٹ، یاسین ملک سمیت حریت رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

کابینہ نے بیمار قیدی رہنماؤں کو طبی سہولیات نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

اجلاس میں بھارت سے بامقصد مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں