اچھرہ میں 3 بچوں کا قتل، پولیس کی تفتیش جاری، فوٹیج حاصل کر لی گئی

لاہور: (دنیا نیوز) اچھرہ میں 3 بچوں کے قتل کی واردات، پولیس نے بچوں کے چچا اور والدین کی نقل و حرکت کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔

کون کس وقت گھر سے نکلا اور واپس آیا، پولیس کی جانب سے فوٹیجز کا تجزیہ جاری ہے، ویڈیو کے مطابق بچوں کا چچا والدہ کے جانے کے بعد گھر سے نکلا، چچا کے نکلنے کے کچھ دیر بعد والدہ گھر آئی۔

بچوں کے چچا، والدین اور دادی کو حراست میں لے کر پولیس کی پوچھ گچھ جاری ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ سے متعلق حقائق جلد سامنے لائینگے۔

پولیس کے مطابق زیرحراست افراد کے بیانات میں تضاد پایا گیا ہے، لاہور:بچوں کو قتل کرنے کے بعد کسی نے کرائم سین کو بدلنے کی کوشش کی، بچوں کو قتل کر کے واقعہ کو کچھ اور رنگ دینے کے شواہد ملے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ماں نے بیان دیا ہے کہ طبیعت خراب ہوئی، شوہر کے ساتھ دوا لینے گئی، واپسی پر بچے کمرے میں مردہ حالت میں ملے۔

بچوں کی والدہ نے اعتراف کیا کہ والدین نے گھر کو خود باہر سے تالا لگا کر چھوڑا، واپسی پر خود ہی تالا کھولا، 20 سے 25 منٹ بعد گھر پہنچنے پر بچوں کی لاشیں دیکھ کر کہرام مچ گیا، شور سن کر اہل علاقہ جمع ہوئے، پولیس کو فوری اطلاع دے دی گئی۔

پولیس کے مطابق بچوں کے چچا اور دادی گھر کے دوسرے حصے میں رہائش پذیر مگر واقعے کے وقت موجود نہ تھے، پولیس نے ماں، باپ، چچا اور دادی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی ہوئی ہے۔

کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود مقدمہ درج نہ ہو سکا، پولیس کو مدعی کے تعین میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پولیس کو تاحال بچوں کے قاتلوں کا سراغ یو کوئی ٹھوس ثبوت نہیں مل سکا۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے اچھرہ میں تین کمسن بچوں کو گلے کاٹ کر قتل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق گھر سے 2 بچیوں اور ایک بچے کی لاشیں ملی ہیں، بچوں کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا، ون فائیو پر اطلاع ملی، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔

حکام کے مطابق بچوں کی عمریں 1 سے 9 سال کے درمیان ہیں، ابتدائی تفتیش کے مطابق والدین گھر کو باہر سے تالا لگا کر میڈیکل سٹور پر ادویات لینے کے لیے گئے، جب واپس گھر آئے تو بچوں کی گردنیں کٹی ہوئی تھیں۔

مقتول بچوں کی شناخت پانچ سالہ مومتہ بتول، چار سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ ام حبیبہ کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے، ریسکیو ٹیموں نے کمسن بچوں کی میتوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں