چین کی ایرانی پرچم بردار کارگو شپ سے متعلق ٹرمپ کے دعوے کی تردید
بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی افواج کی جانب سے ضبط کیا گیا ایرانی پرچم بردار کارگو شپ دراصل چین کی جانب سے ایران کے لیے تحفہ تھا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کے ایرانی بحری جہاز کو چین کا تحفہ قرار دینے کا الزام بے بنیاد ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ معمول کی بین الاقوامی تجارت میں رکاوٹیں قبول نہیں، ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو متاثر نہیں کیا جانا چاہئے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین اس معاملے میں متعدد بار اپنا مؤقف واضح کر چکا ہے، چین ایک ذمے دار بڑی طاقت ہے اور بین الاقوامی ذمے داریوں کی ادائیگی میں ایک مثال کے طور پر کام کرتا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ نے ان الزامات کو غیر مصدقہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ بیجنگ ایسی کسی بھی بات کو مسترد کرتا ہے جو حقائق پر مبنی نہ ہو اور بین الاقوامی تجارت کو سیاسی تنازعات کا حصہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فورسز کی جانب سے ضبط کیے گئے جہاز کے کارگو میں موجود سامان کو ممکنہ طورپر چین کا تحفہ قرار دیا تھا، تاہم اس کی نوعیت کے بارے میں انہوں نے کوئی تفصیل نہیں دی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق بحری جہاز اب بھی امریکی تحویل میں ہے، یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب جہاز نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحری ناکہ بندی کی ہدایات پر عمل کرنے سے انکار کیا۔
واشنگٹن نے گزشتہ ہفتے اس سٹریٹجک آبی گزرگاہ میں ناکہ بندی کی تھی جو ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایک اہم پیش رفت ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ بات چیت پاکستان کی ثالثی سے ہوئی تھی، تاہم حتمی معاہدے تک رسائی تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔