ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی مگر ہوش میں ہیں: نیویارک ٹائمز

نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایرانی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں مگر ہوش میں ہیں۔

امریکی اخبار نے سینئر ایرانی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای تاحال طبی ٹیم کی نگرانی میں ہیں، مجتبیٰ خامنہ ای تک پیغامات ہاتھ سے لکھ کر قاصدوں کے ذریعے پہنچائے جا رہے ہیں۔

ایرانی عہدیدار کے مطابق ایران کا نظم و نسق اب فوجی جنرل چلارہے ہیں، کچھ ہی افراد کو سپریم لیڈر تک رسائی حاصل ہے، فیصلوں کی توثیق سپریم لیڈر خود کرتے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کو ایرانی عہدیدار نے مزید بتایا کہ اسرائیلی یا امریکی نگرانی سے بچنے کے لیے اعلیٰ حکام سپریم لیڈر کے قریب نہیں جا رہے ہیں، پیغام رسانی کے لیے غیر روایتی مگر محفوظ طریقے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای ایک پراسرار شخصیت بن چکے ہیں جو مارچ میں تقرری کے بعد سے نہ عوام کے سامنے آئے ہیں اور نہ ہی ان کی آواز سنی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای28 فروری کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں اپنے والد کے کمپاؤنڈ پر بمباری کے بعد سے منظر عام پر نہیں آئے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان جو پیشے کے اعتبار سے دل کے سرجن بھی ہیں، مجتبیٰ خامنہ ای کے علاج میں شامل رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں