امریکی قانون سازوں کی ایران سے تعلق رکھنے والے افراد کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی قانون سازوں نے ایران سے تعلق رکھنے والے افراد کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کردی۔
ایک درجن سے زائد ڈیموکریٹ قانون سازوں نے ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران سے تعلق رکھنے والے امریکی شہریوں کی ملک بدری کو روکا جائے جو واپس اپنے ملک جانے کی صورت میں خطرے کا شکار ہو سکتے ہیں۔
قانون سازوں نے امیگریشن، ہوم لینڈ سکیورٹی کے اعلیٰ حکام اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو لکھے گئے خط میں کہا امریکی انتظامیہ کی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے کہ وہ ایرانی شہریوں کو ملک بدر نہ کرے۔
خط پر دستخط کرنے والوں میں کانگریس وومن یاسمین انصاری، سینیٹرز کوری بکر، ایڈ مارکی اور دیگر شامل ہیں، خط میں نشاندہی کی گئی کہ اس وقت 12 ہزار ایرانی طلبہ امریکا میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
یاسمین انصاری نے سوشل میڈیا پر کہا ایرانی طلبہ اور مزدور اپنے قانونی سٹیٹس سے محروم ہو کر ایران واپس جانے کے خطرے سے دوچار ہیں جہاں انہیں حکومت کی طرف سے ظلم کا سامنا ہو سکتا ہے۔