امریکی صدر کا اسرائیل اور لبنان کے درمیان سیز فائر میں 3 ہفتے کی توسیع کا اعلان

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان سیز فائر میں 3 ہفتے کی توسیع کا اعلان کر دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان میں امن کیلئے مل کر کام کرنے کا بھی اعلان کر دیا، صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا لبنان اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر ہونا اچھی بات ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور لبنانی صدر کی میزبانی کا خواہشمند ہوں۔

نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا اسرائیل اور لبنان میں سیز فائر سب کیلئے اچھی بات ہے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا لبنان اور اسرائیل دونوں ہی دہشت گردی سے متاثر ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل پر حملہ ہوگا تو انہیں اپنا دفاع کرنا پڑے گا، ایران حزب اللہ کی مالی امداد بند کرے، لبنانی صدر3 ہفتوں میں نیتن یاہو سے ملاقات کر سکتے ہیں، جنگ کی صورتحال پر جوا لگے یہ پاگل پن مجھے پسند نہیں ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اس وقت ہم روس اور سعودی عرب سے زیادہ تیل پیدا کر رہے ہیں، وینزویلا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ، ہمیں تیل پیداوار کا مسئلہ نہیں، ایک جہاز کو قبضے میں لیا تھا، اس میں کیا تھا یہ سیکرٹ ہے، بحری جہاز سے بہت ساری چیزیں برآمد کی گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ناکہ بندی بہترین جا رہی ہے، ہمارا ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے، ایران آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں لگا رہا ہے تو یہ بھی بڑی غلطی ہے، سعودی عرب کی قیادت بھی سیز فائر سے بہت خوش ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹ جنگ کے باوجود ریکارڈ بلندیوں پر پہنچ گئی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں