ایران کیلئے دوسرا موقع ہے، مستقل معاہدہ چاہتے ہیں، ڈیل کی صورت آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی: صدر ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بہتر ڈیل کیلئے ایران کو ایک اور موقع دیا جا رہا ہے، اور ڈیل ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے تیار ہیں اور ایران کے ساتھ ابھی معاہدہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی وجہ سے ایران کاروبار نہیں کر پا رہا، نہیں جانتے کہ ایران میں لیڈر کون ہے، ہم بات چیت کر رہے ہیں لیکن وہ اندرونی انتشار کا شکار ہیں، ایران میں 75 فیصد تک اہداف حاصل کر لیے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا آبنائے ہرمز میں کارروائیاں 3 گنا بڑھانے کا حکم

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے دوران ممکنہ طور پر کچھ حد تک اپنی عسکری صلاحیت بحال کی ہیں تاہم امریکی فوج ایک دن میں اسے ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اسی کے ساتھ ہی ٹرمپ نے ایران کے معاملے میں ایٹمی ہتھیار استعمال نہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ طویل المدتی امن معاہدے کیلئے جلد بازی نہیں کریں گے، ہم ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو دیرپا ہو، امریکیوں کو کچھ عرصے کیلئے گیس اور پیٹرول کی قیمتیں زیادہ ادا کرنے کی توقع رکھنی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں