صدر، وزیراعظم کی امریکہ کے 250 یوم آزادی پر مبارکباد، ٹرمپ کو دورہ کی دعوت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے امریکہ 250 ویں یوم آزادی پر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکہ کے یومِ آزادی پر امریکی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دورۂ پاکستان کی دعوت دے دی۔

صدر آصف علی زرداری نے امریکہ کے یومِ آزادی کےموقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےنام تہنیتی خط میں امریکی قیادت اورعوام کو مبارکباد دی اور کہاکہ امریکا آزادی، جمہوریت اورمساوی مواقع جیسی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور گزشتہ اڑھائی سو برس کے دوران امریکی عوام کی کامیابیوں نے دنیا کی ترقی میں نمایاں حصہ ڈالا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نےتوانائی، تجارت، دفاع اوردیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، انہوں نے گزشتہ سال مئی میں دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کے کردار کو سراہا اور ایران سے متعلق مذاکرات میں پاکستان پر امریکہ کے اعتماد کا بھی خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے عوام کو امریکی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس شاندار سنگِ میل کی خوشی میں امریکہ کے ساتھ شریک ہے اور آزادی، ثابت قدمی اور جمہوریت جیسی دیرپا اقدار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، ہمارے دونوں ممالک کے درمیان سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط شراکت داری قائم ہے، جسے پاکستانی نژاد امریکی برادری کی گراں قدر خدمات نے مزید مضبوط بنایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ جب بھی عالمی امن اور سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوئے امریکہ اور پاکستان نے اہم مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے صدر ٹرمپ کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں اور اس کی قدر کرتے ہیں، جس نے ممکنہ طور پر تباہ کن جنگ کو روکنے میں مدد دی اور کروڑوں انسانوں کی جانیں بچانے میں کردار ادا کیا، اسی طرح دنیا بھر میں کئی بڑے تنازعات کے خاتمے کے لیے ان کی مستقل کوششیں بھی قابلِ تحسین ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں