نیتن یاہو نے ملاقات کی درخواست کی، اصل طاقت کا انہیں علم ہے: ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن :(دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی درخواست کی ہے وہ جانتے ہیں اصل طاقت کس کے پاس ہے۔
واشنگٹن سے جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی درخواست پر وائٹ ہاؤس میں آئندہ ہفتے ملاقات متوقع ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا گیا کہ امریکہ اگر چاہتا تو ایران کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنا سکتا تھا، حتیٰ کہ ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی مبینہ تدفین یا کسی بڑے اجتماع کے دوران کارروائی ممکن تھی، تاہم ایسا فیصلہ اس لیے نہیں کیا گیا تاکہ سفارتی راستہ اور جوہری مذاکرات جاری رہ سکیں۔
امریکی صدر نے مزید دعوؤں میں بتایا کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات کو وقتی طور پر مؤخر کرنے اور بعد ازاں دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران معاہدہ کرنے کے لیے بیتاب ہے اور موجودہ کشیدگی کے دوران دونوں فریقین نے وقتی طور پر حملے نہ کرنے کا اصول اپنایا ہے تاکہ مذاکراتی عمل متاثر نہ ہو۔
اپنے بیان میں اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک بڑا فوجی حملہ ممکن تھا جس میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جا سکتا تھا، لیکن اسے اس لیے روکا گیا کہ بعد میں مذاکرات کے لیے کوئی فریق باقی نہ رہے۔