پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کا دائرہ مزید وسیع کریں: وزیراعظم

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کا دائرہ مزید وسیع کریں۔

 وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس پر پوری قوم غمزدہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اپنے حالیہ دورہ ترکیہ کے دوران انہوں نے نمایاں ترک کاروباری گروپوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں توانائی، کان کنی، معدنیات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

شہباز شریف نے بتایا کہ  انہوں نے ترک کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کا دائرہ مزید وسیع کریں۔

دوسری جانب وزیراعظم کا دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 15 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی ادارے بھرپور عزم اور قربانیوں کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشتگردی کا مکمل صفایا کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے امن و استحکام کے قیام کے لیے متحد ہیں اور دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں