امریکی قونصل خانے کے وفد کا ای پی اے لاہور کا دورہ، سموگ کنٹرول اقدامات کو سراہا
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں امریکی قونصل خانے کے وفد نے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کا دورہ کیا، جہاں سنیئر وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کو سموگ کے خاتمے، فضائی آلودگی پر قابو پانے اور ماحولیاتی نگرانی کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
لاہور میں امریکی قونصل خانے کے وفد نے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) پنجاب کا دورہ کیا، جہاں سنیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وفد کا استقبال کیا، اس موقع پر صوبائی وزرا بھی موجود تھے، وفد نے ای پی اے کے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور فضائی آلودگی کی نگرانی کے جدید نظام، ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم اور لائیو اے کیو آئی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔
مریم اورنگزیب نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نومبر 2024 میں لاہور دنیا کا سب سے آلودہ شہر تھا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر مؤثر اقدامات کے نتیجے میں فضائی آلودگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، حکومت نے ای پی اے کو اختیارات، وسائل اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کی، جس سے ادارے کی کارکردگی میں واضح اضافہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے سپر سیڈر مشین کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، جب موجودہ حکومت نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو پنجاب میں صرف 250 سپر سیڈرز موجود تھے، جبکہ اب یہ تعداد بڑھ کر 7 ہزار 500 ہو چکی ہے اور آئندہ سال تک 15 ہزار سپر سیڈرز کسانوں کو فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن کی قیمت کا 60 فیصد حکومت ’سموگ فری پنجاب‘ پروگرام کے تحت ادا کر رہی ہے۔
سنیئر وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ دو برس کے دوران ماحولیاتی تحفظ، جنگلات اور وائلڈ لائف کے شعبوں کے لیے تاریخی بجٹ مختص کیا ہے، جبکہ پاکستان اور خطے کی پہلی کلائمیٹ چینج آبزرویٹری بھی قائم کی جا رہی ہے، جو موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی ڈیٹا کا مرکزی مرکز ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں صنعتی یونٹس کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے، ای پی اے کے تمام فیلڈ افسران کو باڈی کیمز فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ تمام اینٹوں کے بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں، لاہور کے تمام موٹرویز، مالز اور ماڈل بازاروں کو پلاسٹک فری زون قرار دیا گیا ہے اور مرحلہ وار صوبے کے تمام کمرشل بازاروں کو بھی پلاسٹک فری بنایا جائے گا۔
حکام نے مزید بتایا کہ تعمیراتی مقامات پر گرد و غبار پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں روبو کال سسٹم کے ذریعے متعلقہ افسران کو فوری اطلاع دی جاتی ہے، جبکہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے تعاون سے آلودگی پھیلانے والے عناصر کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ وفد نے پنجاب اے کیو آئی موبائل ایپ، ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم، آن لائن لائسنسنگ، لائیو لوکیشن مانیٹرنگ اور ونڈ ڈائریکشن و ہیٹ ویو مانیٹرنگ سمیت جدید ماحولیاتی اقدامات میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔