مسک کی اوپن اے آئی کیخلاف مقدمہ واپس لینے کیلئے درخواست

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیسلا اور سپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے اوپن اے آئی اور اس کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین کے خلاف مقدمہ واپس لینے کیلئے عدالت میں درخواست جمع کروادی۔

ایلون مسک کی جانب سے کیلیفورنیا کی ایک عدالت میں اوپن اے آئی اور سام آلٹمین کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ واپس لینے کی درخواست جمع کرائی ہے، ایلون مسک نے مارچ 2024 میں اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

انہوں نے اپنے مقدمے میں کہا تھا کہ اوپن اے آئی کو غیر منافع بخش بنیادوں پر کام کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا مگر سام آلٹمین اور کمپنی نے ان اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

اب سان فرانسسکو کی عدالت میں ایلون مسک کے وکلا نے مقدمے کو خارج کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے، البتہ درخواست میں مقدمہ خارج کرنے کی وجہ بیان نہیں کی گئی، مقدمے کو کسی وجہ کے بغیر خارج کرنے سے ایلون مسک کو مستقبل میں کیس کو دوبارہ دائر کرنے کا آپشن ملے گا۔

عدالت کی جانب سے 12 جون کو اوپن اے آئی کی جانب سے مقدمہ خارج کرنے کی درخواست سنی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں