واٹس ایپ نے صارفین کیلئے سپیکر سپاٹ لائٹ فیچر متعارف کرا دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) میٹا نے واٹس ایپ پر ویڈیو کال کرنے والے صارفین کیلئے نیا فیچر اپ ڈیٹ کرتے ہوئے مزید آسانی پیدا کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے ویب ورژن کیلئے آڈیو سپورٹ کے ساتھ سکرین شیئرنگ اور نیا سپیکر سپاٹ لائٹ فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نئی سپیکر سپاٹ لائٹ اپڈیٹ ویڈیو کال پر بات کرنے والے صارف کو خود بخود نمایاں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے انہیں سکرین پر پہلے ظاہر کیا جا سکے گا، اس کے علاوہ پلیٹ فارم نے ویڈیو کال پر شرکاء کی تعداد 32 افراد تک بڑھا دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے ایپ پر میٹا لو بِٹ ریٹ (ایم لو) کوڈیک فیچر بھی متعارف کرایا ہے جس کا مقصد پرانی ڈیوائس میں کال کے معیار کو بہتر کرنا ہے۔

یہ سہولت انسٹا گرام اور میسنجر کالز کیلئے پہلے سے ہی دستیاب ہے اور اب اس کو واٹس ایپ پر بھی جاری کیا جا رہا ہے، یہ نئی اپ ڈیٹ آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کے لئے متعارف کرا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ صارفین کیلئے ایک ایسا کارآمد فیچر بھی متعارف کرا رہا ہے جس سے ڈیوائسز کے درمیان چیٹ ہسٹری کو منتقل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

واٹس ایپ میں ڈیٹا ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنے کیلئے چیٹ بیک اپ کا استعمال کیا جاتا ہے، اس کیلئے صارفین کو کلاؤڈ سروسز جیسے گوگل ڈرائیو یا آئی کلاؤڈ میں ڈیٹا بیک اپ بنانا پڑتا ہے مگر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے درمیان ڈیٹا ٹرانسفر کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔

اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ میں ٹرانسفر چیٹ ہسٹری نامی فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس میں چیٹ ڈیٹا کو ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنے کیلئے کیو آر کوڈ کی مدد لی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں