گوگل نے اینڈرائیڈ فونز کی بیٹری لائف بہتر بنانے کیلئے نیا فیچر متعارف کروادیا

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ فونز کے لیے ایک ایسے نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو بیٹری لائف کو بہتر بنائے گا۔

اڈاپٹیو ٹائم آؤٹ نامی یہ فیچر اینڈرائیڈ 15 کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں سامنے آیا ہے، یہ فیچر اس وقت خودکار طور پر اسکرین کو بند کر دے گا جب آپ ڈیوائس کو استعمال نہیں کر رہے ہوں گے۔

گوگل کے ایک ترجمان کی جانب سے اس فیچر کی تصدیق کی گئی ہے، ممکنہ طور پر اس فیچر کے لیے ڈیوائس کے مختلف سنسرز کو استعمال کیا جائے گا جو اس بات کا تعین کریں گے کہ آپ فون استعمال کر رہے ہیں یا نہیں۔

اگر ڈیوائس کو محسوس ہوا کہ آپ فون کو استعمال نہیں کر رہے تو اسکرین ٹرن آف ہو جائے گی جس سے فون کی بیٹری لائف بڑھانے میں مدد ملے گی، البتہ گوگل کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا کہ یہ فیچر کس طرح کام کرے گا۔

اس سے قبل بھی کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ایسے فیچرز پر کام کیا جا رہا ہے جن سے بیٹری لائف بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم پر ابھی گوگل کی جانب سے کام کیا جا رہا ہے، یہ نیا آپریٹنگ سسٹم رواں سال کی آخری سہ ماہی میں باضابطہ طور پر اینڈرائیڈ فونز کے لیے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں