’ایکس‘ کے مالک ایلون مسک نئے تنازع کی زد میں آ گئے

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت کمپنی ایکس اے آئی ایک نئے تنازعے کی زد میں آ گئی ہے، ایشلی سینٹ کلیئر، جو دعویٰ کرتی ہیں کہ ان کا بیٹا ایلون مسک سے ہے، نے ایکس اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایکس اے آئی کے چیٹ بوٹ گروک نے ایشلی سینٹ کلیئر کی جعلی مگر حقیقی نظر آنے والی نازیبا اور جنسی نوعیت کی تصاویر تیار کر کے ایکس پلیٹ فارم پر پھیلائیں۔

درخواست گزار کے مطابق یہ تصاویر بچوں اور بڑوں دونوں کی شکل میں بنائی گئیں، جو سنگین نوعیت کے ڈیپ فیک مواد کے زمرے میں آتی ہیں۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق گروک ایک ایسا ٹول بن چکا ہے جو متاثرین کو برہنہ، ذلیل اور جنسی طور پر استحصال کا نشانہ بناتا ہے حتیٰ کہ بچوں سے متعلق غیر قانونی مواد بھی تیار کیا۔

ایشلی سینٹ کلیئر کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ تصاویر ایکس انتظامیہ کو رپورٹ کیں اور ہٹانے کی درخواست بھی دی، مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابتدا میں گروک کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ مزید ایسی تصاویر تیار نہیں کی جائیں گی۔

تاہم بعد ازاں ایلون مسک نے مبینہ طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایشلی سینٹ کلیئر کے ایکس اکاؤنٹ کو ڈی مونیٹائز کردیا اور ان کی مزید نازیبا تصاویر بنوائی گئیں، جن میں غیر قانونی مواد بھی شامل تھا۔

ایشلی سینٹ کلیئر کی وکیل کیری گولڈبرگ کا کہنا ہے کہ گراک کو ہراسانی اور تضحیک کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، اور اس مقدمے کا مقصد نہ صرف انصاف کا حصول ہے بلکہ مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے واضح قانونی حدود کا تعین بھی ہے۔

یہ مقدمہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ایشلی سینٹ کلیئر اور ایلون مسک کے درمیان اپنے بیٹے رومولس کی تحویل سے متعلق قانونی جنگ بھی جاری ہے۔

رومولس کی پیدائش 2024 میں ہوئی تھی۔ دونوں کی ملاقات ایکس پر ہوئی تھی اور فروری 2025 میں سان فرانسسکو میں ایک ورک اسائنمنٹ کے دوران قربت بڑھی۔

بعد ازاں 14 فروری 2025 کو ایشلی سینٹ کلیئر نے ایکس پر اعلان کیا تھا کہ وہ اور ایلون مسک ایک بیٹے کے والدین ہیں، جس کا نام بعد میں رومولس بتایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں