عالمی سطح پر آبی تحفظ کیلئے اماراتی سائنسدانوں کی اہم پیش رفت

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں موسمیاتی تحقیق کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مصنوعی ذہانت کے ذریعے بارش کے امکانات بڑھانے پر کام کرنے والے تین سائنسدانوں کو ایک اعشاریہ پانچ ملین ڈالر کا انعام دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ انعام یو اے ای کے بارش میں اضافے سے متعلق تحقیقی پروگرام کے تحت دیا گیا ہے، جس میں دنیا بھر کے سائنسدان پانی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے جدید طریقوں پر کام کر رہے ہیں، منتخب ہونے والے سائنسدانوں کی تحقیق میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا تجزیے کے ذریعے بادلوں کی ساخت اور بارش کے امکانات کو سمجھنے پر توجہ دی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس تحقیق سے نہ صرف یو اے ای بلکہ خشک علاقوں اور پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے دیگر ممالک کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے، جدید سائنسی طریقوں کے ذریعے بارش کے نظام کو بہتر بنانا مستقبل میں زرعی پیداوار، ماحولیاتی توازن اور آبی وسائل کے تحفظ کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تحقیق اور جدت پر مبنی اس نوعیت کے اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ یو اے ای پانی کے تحفظ اور پائیدار ترقی کو قومی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے اور عالمی سطح پر موسمیاتی مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں