ایکس پر کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے پرانا نظام آج ختم، کل سے نیا متعارف

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے دنیا بھر کے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا ایک نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا بنیادی مقصد پلیٹ فارم سے کاپی شدہ، چوری شدہ اور غیر معیاری مواد کا خاتمہ کر کے صرف اصلی مواد تیار کرنے والوں کو مالی فائدے پہنچانا ہے۔

کمپنی کی جانب سے کریئیٹرز کو بھیجے گئے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس نئے نظام کو اوریجنل کانٹینٹ ریوارڈز پروگرام کا نام دیا گیا ہے۔

ایکس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سات ستمبر 2026 کو موجودہ ایڈز ریوینیو شیئرنگ پروگرام کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، آٹھ ستمبر 2026 کو نئے اوریجنل کنٹینٹ ریوارڈز پروگرام کے لیے درخواستوں کی وصولی کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔

ایکس نے واضح کیا ہے کہ جن صارفین کی شناختی تصدیق پہلے سے مکمل ہے اور جن کا ادائیگی کا ذریعہ منسلک ہے انہیں یہ مرحلہ دوبارہ طے کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی، وہ اپنے کریئیٹر سٹوڈیو میں جا کر کسی بھی وقت اپنی اہلیت چیک کر سکتے ہیں۔

پاکستان اور چند دیگر ممالک میں جب سے ایکس نے مونیٹائزیشن کا سلسلہ شروع کیا تھا، تب سے پلیٹ فارم پر عجیب و غریب رجحانات دیکھنے میں آئے، ریوینیو حاصل کرنے کی دوڑ میں بہت سے اکاؤنٹس نے غیر معمولی تعداد میں ویڈیوز اور پوسٹس شیئر کرنا شروع کر دیں، کچھ مشہور صحافیوں اور کنٹینٹ کریئیٹرز نے تو باقاعدہ ایسی ٹیمیں ہائر کر رکھی تھیں جن کا واحد کام ٹی وی چینلز کی لائیو نشریات سے ویڈیو کلپس کاٹ کر فوراً ایکس پر اپ لوڈ کرنا تھا۔

اس کے علاوہ ایک بڑا طبقہ ایسا بھی تھا جو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز (مثلاً ٹک ٹاک، فیس بک یا انسٹاگرام) سے وائرل ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کر کے ایکس پر پوسٹ کر رہا تھا۔

ان کریئیٹرز کا خیال تھا کہ دوسرے پلیٹ فارم کی ویڈیو ایکس پر ڈالنے سے ایکس کا الگورتھم اسے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے طور پر پکڑ نہیں سکے گا اور اس طرح مفت میں انگیجمنٹ ملنے سے انہیں ڈالرز ملتے رہیں گے۔

اس تمام صورتحال نے ایکس کی فیڈ کو غیر معتبر اور کاپی شدہ مواد سے بھر دیا تھا جس کے بعد یہ سوال تیزی سے ابھر رہا تھا کہ اس پلیٹ فارم پر کتنے صارفین واقعی خود محنت کر کے اوریجنل مواد بنا رہے ہیں اور کتنے صرف کاپی پیسٹ کے ذریعے پیسے کما رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...