علم کی پیاس بجھانے کیلئے گدھے کو دوست بنانے والا باہمت معذور لڑکا

کوئٹہ :(ویب ڈیسک )دونوں پاؤں سے معذور شوکت خان روزانہ صبح گھر سے سکول جانے کے لیے نکلتے ہیں تو ان کا ’خاص دوست‘ گدھا ان کے ہمراہ ہوتا ہے جو ان کے سکول آنے جانے میں ان کا مددگار ہے۔

بلوچستان کے ضلع محمود آباد موسیٰ خیل کے رہائشی 10 سالہ شوکت خان اپنے گاؤں ولمئی سےشہر میں واقع سکول تک روزانہ پانچ کلومیٹر کا سفر اسی گدھے پر طے کرتے ہیں، جدید دور میں قدیم دور کی اس سواری پر سکول جاتے ہوئے وہ جب شہر کی سڑکوں اور گاؤں کے کچے راستوں سے گزرتے ہیں تو سب کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔

شوکت بچپن میں پولیو کی بیماری کے باعث دونوں پاؤں سے معذور ہو گئے تھے، چلنا پھرنا مشکل ہوا تو وہ تقریباً پانچ سال تک سکول ہی نہ جاسکے۔

شوکت نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پہلے گھر کے قریب ہی ایک کمرے پر مشتمل سرکاری سکول جانا شروع کیا مگر وہاں تعینات واحد سرکاری استاد ایک دن آتے تھے تو دس دن غائب رہتے تھے، سکول کی بندش معمول بن گئی تو زیادہ تر بچے یا تو پڑھائی چھوڑ گئے یا پھر گاؤں سے پانچ کلومیٹر دور شہر کے بڑے سرکاری سکول جانے لگے ہیں۔

شوکت نے مزید بتایا کہ ہمارے گاؤں سے شہر تک پکی سڑک ہے اور نہ ہی اس راستے پر کوئی بس یا پبلک ٹرانسپورٹ چلتی ہے، میں سواری نہ ہونے کی وجہ سے اتنی دور تک نہیں جا سکتا تھا، اس لیے تعلیمی سلسلہ ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہو گیا، پھر میرے گھر والوں نے میرے ایک رشتہ دار سے بات کی تو اس نے انہیں دو ہزار روپے میں یہ گدھا خرید دیا جس کے بعد میں نے شہر والے سکول جانا شروع کر دیا۔

دوسری جانب شوکت کے چچا شیر علی نے بتایا کہ گاؤں میں ایک نہیں بلکہ دو سرکاری پرائمری سکول ہیں لیکن دونوں ہی بند ہیں جس کی وجہ سے زیادہ تر بچے سکول سے باہر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں