چین میں ہم شکل شادی شدہ جوڑا دیکھ کر لوگ حیرت میں مبتلا
بیجنگ: (ویب ڈیسک) دنیا میں ایسے کئی افراد ہیں، جن کی شکلیں کسی نہ کسی شخص سے ملتی ہیں، اکثر جڑواں بہن بھائیوں کی شکلیں بھی آپس میں ملتی ہیں، تاہم چین میں ایک ایسا شادی شدہ جوڑا بھی ہے، جو ہم شکل ہے اور اگر کوئی انہیں الگ الگ دیکھے تو فرق نہیں کر سکتا ہے کہ ان میں میاں کون ہے اور بیوی کون؟
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے صوبے گوانگ ڈونگ میں ہربل ادویات کی دکان چلانے والے ہی شیان شینگ (شوہر) اور لیانگ سائیو (بیوی) ایک دوسرے سے کافی مشابہت رکھتے ہیں، دونوں کا یہ خاندانی کاروبار ہے، مگر کچھ عرصہ سے یہ کاروبار گھاٹے میں جا رہا تھا۔
مقامی شخص جو بھی انہیں دیکھتا تو انہیں جڑواں بہن بھائی سمجھتا، تاہم جب اس کو معلوم ہوتا تو کہ یہ رشتے میں میاں بیوی ہیں تو وہ حیران ہوئے بغیر نہ رہتا۔
جب دونوں میاں بیوی کو اس کا پتہ چلا تو بیوی لیانگ نے اپنے شوہر کو کاروبار کی پروموشن کیلئے سوشل میڈیا پر کلپس بنانے پر راضی کیا اور پھر ڈوین (چین کا ٹِک ٹاک ورژن) پر پروموشن کلپس بنا کر پوسٹ کرنا شروع کئے۔
یہ کلپس دیکھتے ہی دیکھتے تیزی سے ملک بھر میں وائرل ہوگئے اور اس سے ان کے نقصان میں جانے والے کاروبار کو بھی فائدہ ہونے لگا۔
اس حوالے سے لیانگ کا کہنا ہے کہ جب وہ دونوں پہلی بار ملے تھے تو ان کو ایسا محسوس نہیں ہوا کہ ہماری شکلیں ایک دوسرے سے ملتی ہیں، تاہم کئی سال گزارنے کے بعد ہمیں احساس ہوا کہ ہم ایک جیسا دکھتے ہیں۔