مقبوضہ کشمیر کا آئندہ وزیراعلیٰ ایک ”ربڑ سٹامپ“ اور بلدیہ کے میئر جیسا ہوگا: التجا مفتی

سرینگر: (ویب ڈیسک) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے کہا ہے کہ علاقے میں بننے والی حکومت ” بے دانت شیر “ ہو گی اور اسکا وزیر اعلیٰ ’’ربڑ سٹامپ “ اور بلدیہ کے میئر جیسا ہو گا۔

التجا مفتی نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر لکھا لیفٹیننٹ گورنر کو اپنی طرف سے پانچ ارکان نامزد کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جبکہ چیف سیکرٹری اسمبلی کی کارروائی چلانے کے قوائد و ضوابط بدلے گا جس سے ظاہر ہے کہ نئی حکومت ایک ایسا شیر ہوگی جس کے منہ میں دانت نہیں ہوں گے۔

التجا مفتی نے سوالیہ انداز میں کہا بھارتی حکومت جموں وکشمیر سے اور کتنی اتھارٹی اور خودمختاری چھینے گی؟ انہوں نے حالیہ نام نہاد اسمبلی انتخابات میں ضلع اسلام آباد کے بیج بہارہ حلقے سے انتخاب لڑا ہے، وہ پی ڈی پی کی سربراہ اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی ہیں۔

یاد رہے کہ تین مراحل میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 8 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں