بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں: اویس لغاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر سردار اویس خان لغاری نے کہا کہ حکومت اس وقت باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے پاور پلانٹس اور خود مختار پاور پروڈیوسرز (IPPs) کے ساتھ معاہدوں کا جائزہ لے رہی ہے، پاور سیکٹر کئی مسائل سے نبرد آزما ہے خاص طور پر آئی پی پی کے معاہدوں کے حوالے سے اور اسے فوری طور پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔
سردار اویس خان لغاری نے مزید کہا کہ گردشی قرضوں اور بلند شرح سود کا بوجھ صارفین کو نمایاں طور پر متاثر کر رہا ہے، پاور پلانٹس سے منافع کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام پاور پلانٹس کو صارفین کو فائدہ پہنچانے کے لئے اپنے منافع کے منصوبوں پر نظرثانی کرنی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کو سستی بجلی کی فراہمی بھی حکومت کی ایک اہم توجہ ہے، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں حکمت عملی کی منصوبہ بندی کا فقدان، گردشی قرضوں کا بوجھ اور صارفین پر سود کی بلند شرحیں ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت چین کے ساتھ اپنے توانائی کے شعبے کے معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات شروع کر رہی ہے، جس کا مقصد ملک کے لئے زیادہ پائیدار اور کم لاگت توانائی حاصل کرنا ہے۔