کراچی پورٹ پر ٹیکس فراڈ کا بڑانیٹ ورک پکڑا گیا، نجی کمپنی کا ڈائریکٹر گرفتار
کراچی:(دنیا نیوز) کراچی پورٹ پر83 ملین روپے ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے ، پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ نے ٹیکس فراڈ کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔
ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات پر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ نے تین کمپنیوں کے خلاف تفتیش کی، تفتیش میں کمپنیوں کی جانب سے پورٹ پرضبط سامان کو جعلسازی کے ذریعے نکالنے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ضبط کی گئی اشیاء کو کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل اور پورٹ قاسم ٹرمینل سے نکالا گیا۔
باوثوق ذرائع کا کہنا تھا کہ کمپنیوں پرپورٹ اتھارٹی نے 28لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا، کمپنیوں نے جون 2009 میں پورٹ سے جرمانہ ادا کیے بغیر ضبط کی گئی اشیاء نکالیں جس سے مجموعی طور پر حکومتی خزانے کو 83 ملین روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
اسی طرح معاملے سامنے آنے پر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ نے فراڈ میں ملوث تینوں کمپنیوں اور ان کےایجنٹس کے خلاف مقدمات درج کرلیے، ٹیم نے کارروائی کے دوران ایک کمپنی کے ڈائریکٹرعثمان طارق کو گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ حکام کا کہنا ہے کہ فراڈ اور جعل سازی میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔