کراچی 60 فیصد معیشت وفاق کو دیتا ، ترقی کا پہیہ رکنا نہیں چاہیے: فاروق ستار

کراچی:(دنیا نیوز) رہنما ایم کیوایم پاکستان فاروق ستارنے کہا کہ کراچی 60 فیصد معیشت وفاق کو دیتا ہے، ترقی کا پہیہ رکنا نہیں چاہیے۔

شہرِ قائد میں فرنیچر ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ یہاں بچے گٹر کے ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے مر رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ امن وامان قائم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، سندھ میں مسلسل 17 سال سے حکومت ہے، شہریوں سے بھتہ مانگا جارہا ہے، بھتہ مانگنےوالوں کےنام بھی بتائے گئے ہیں۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک بار پھر فرنیچر کا ایکسپو ہوا ہے، پچاس برانڈ رکھے گئے ہیں، فرنیچر جہیز میں بھی دیا جاتا ہے،تجارت سے تعلق رکھنے والی برادری نے کہا ہے چاہے کچھ بھی ہو ہم کھڑے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ حسن بخشی اور محسن شیخانی کا دعوی ہے کہ بھتے کیلئے سنگین دھمکیاں دی گئی ہیں،شہر میں بھتہ خوری ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے۔ ہم کل متاثرین سے ملاقات کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی 60 فیصد معیشت وفاق کو دیتا ہے، ترقی کا پہیہ رکنا نہیں چاہیے، کسی جماعت سے بھی بھتہ خور کا تعلق ہو تو ظاہر کرنا چاہیے۔

رہنما ایم کیوایم نے کہا کہ کراچی میں میئرشپ کی کرسی بھی چھینی گئی ہے،اب عوام ایک ترمیم کرنے جا رہی ہے، کراچی چار کروڑ آبادی کا شہر ہے، ہمارے پاس اب سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے 40 ارب لائے ہیں، ڈھکن بھی لگائیں گے، بھتہ خوروں کے لیے اقدامات لینے چاہئیں، پنجاب میں اتنی لوڈشیڈنگ نہیں ہے جتنی کراچی شہر میں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں