ناروے میں زیادتی کے الزام میں شہزادی کے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا
اوسلو: (ویب ڈیسک) زیادتی کے الزام میں شہزادی کے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ناروے میں پولیس نے ولی عہد کی اہلیہ کے 27 سالہ بیٹے ماریوس بورگ ہوبی کو گرفتار کیا ہے، ہوبی پر مبینہ طور پر آبرو ریزی کے عمل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہوبی کی والدہ میٹا میٹ 2001ء میں ناروے کے ولی عہد شہزادہ ہاکون سے شادی کرنے کے بعد شہزادی بن گئی تھیں، ہوبی کی پیدائش 1997ء میں اس کی والدہ کی شادی سے قبل تعلقات کے نتیجے میں ہوئی تھی۔
پولیس کو شبہ ہے کہ ہوبی کی زیادتی کا شکار خاتون بے ہوش تھی یا پھر اس فعل کی مزاحمت کی قدرت نہیں رکھتی تھی۔
میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل رواں سال چار اگست کو ہوبی کو اوسلو میں حراست میں لیا گیا تھا، وہ اوسلو کے ایک فلیٹ میں کسی خاتون کے ساتھ رات میں جھگڑا کر رہا تھا، ہوبی پر الزام تھا کہ اس نے فلیٹ میں رہنے والی خاتون کو جس سے اس کے تعلقات تھے، جسمانی تکلیف پہنچائی۔
اس کے بعد ستمبر میں ہوبی کو ایک بار پھر حراست میں لیا گیا، اس پر حفاظتی احکامات کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا، پولیس کے مطابق حراست میں لیے جانے کے بعد ہوبی کے متعلق ابھی کوئی مزید فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہوبی کی پرورش اپنے سوتیلے بہن بھائیوں 20 سالہ شہزادی انگریڈ الیگزینڈرا اور 20 سالہ شہزادہ اسفیرہ میگنوس کے ساتھ ہوئی، تاہم ان دونوں کے بر خلاف ہوبی کو کوئی سرکاری ذمے داری نہیں سونپی گئی۔