اوپیک کا نام تبدیل کرکے عرب انرجی آرگنائزیشن رکھنے کی تجویز پیش

کویت سٹی: (ویب ڈیسک) اوپیک کا نام تبدیل کرکے عرب انرجی آرگنائزیشن رکھنے کی تجویز پیش کردی گئی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آرگنائزیشن آف پٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز (اوپیک) کے ارکان نے آرگنائزیشن کا نام تبدیل کرکے عرب انرجی آرگنائزیشن ( اے ای او) رکھنے کے لئے ایک قرار داد پر دستخط کئے ہیں، سعودی عرب نے رواں ہفتے کویت میں 113 ویں وزارتی اجلاس کے دوران آرگنائزیشن کا نام تبدیل کرنے اور تنظیم نو کی تجویز پیش کی تھی۔

سعودی عرب کی تجویز کا مقصد آرگنائزیشن کے چارٹر کو وسیع کرنا اور تعمیر نو کے ایک بڑے اقدام کے حصے کے طور پر رکن ممالک کے درمیان مضبوط تعاون کو فروغ دینا ہے، آرگنائزیشن میں شامل ممالک اپنے قومی ضوابط کے مطابق اس کی توثیق کریں گے جس کے بعد یہ تبدیلیاں نافذ العمل ہوں گی۔

اجلاس کے دوران تنظیم کے سیکرٹریٹ جنرل نے گزشتہ برسوں میں علاقائی اور بین الاقوامی عدم استحکام کے درمیان توانائی کے شعبے میں درپیش چیلنجز کی طرف اشارہ کیا۔ اوپیک کا صدر دفتر کویت میں ہے اور قطر اس کی سربراہی کر رہا ہے۔

1968ء میں سعودی عرب، کویت اور لیبیا آرگنائزیشن کے تین بانی ارکان میں شامل تھے، اس کے ارکان میں متحدہ عرب امارات، بحرین، عراق، الجزائر، شام، تیونس اور مصر شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں