سعودی شہر جدہ میں ریکارڈ 135 ملی میٹر بارش، سڑکیں زیرِ آب آگئیں

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے شہر جدہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ ریکارڈ 135 ملی میٹر موسلادھار بارش سے متعدد سڑکیں زیر آب آگئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق جدہ کے کئی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے گاڑیاں خراب ہوگئیں، ریسکیو اداروں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی جبکہ پانی کے نکاس اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

سعودی عرب کے شہر ینبع میں بھی طوفانی بارش نے تباہی مچا رکھی ہے جہاں متعدد عمارتوں کی چھتیں گر چکی ہیں، جبکہ ملبے تلے آکر کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں، اس کے علاوہ البساتین میں 81 اور شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مدینہ منورہ اورگردونواح میں بھی معتدل بارش ہوئی۔

تیز بارشوں کے باعث نشیبی علاقے اور صحرائی وادیاں سیلابی پانی سے بھر گئیں، سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق جدہ میں بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں