کیوبا کے سابق وزیر خزانہ الیجاندرو گل کو جاسوسی کے الزام پر عمر قید کی سزا
ہوانا: (ویب ڈیسک) کیوبا کے سابق وزیرِ خزانہ الیجاندرو گل کو جاسوسی اور اقتصادی جرائم کے الزام پر عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے گزشتہ روز پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ عدالت نے جاسوسی کے جرائم اور اقتصادی سرگرمیوں یا معاہدوں پر منفی اثر ڈالنے والے اقدامات کے لئے سابق وزایر خزانہ کے طور پر عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عدالت نے اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں کہ الیجاندرو گل پر کون سے مخصوص اقدامات کا الزام ہے، سپریم کورٹ نے کہا کہ 61 سالہ الیجاندرو گل کو بدعنوانی، سرکاری تحویل میں موجود دستاویزات یا دیگر اشیا کے غبن اور ان کی خرابی، سرکاری مہر توڑنے اور خفیہ دستاویزات کے تحفظ کے قواعد کی خلاف ورزی کا مجرم بھی قرار دیا گیا ہے۔
عدالت نے بیان میں کہا کہ ایک علیحدہ مقدمے میں انہیں رشوت، سیاسی اثر و رسوخ کے ناجائز استعمال اور ٹیکس چوری کے الزامات پر 20 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی، عدالت کے مطابق وہ مسلسل بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور ٹیکس فراڈ کے مرتکب پائے گئے۔
عدالت نے نومبر کے آغاز میں الیجاندرو گل پر فردِ جرم عائد کی تھی اور اس وقت یہ ظاہر نہیں کیا گیا تھا کہ مبینہ جاسوسی کس ملک یا ادارے کے لیے کی گئی، نہ ہی اقتصادی بے ضابطگیوں کی تفصیلات بتائی گئی تھیں، وہ فروری 2024 میں اچانک وزارت سے برطرفی کے بعد سے عوامی طور پر نظر نہیں آئے، انہیں فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لئے 10 دن دیئے گئے ہیں۔
یکم نومبر کو اٹارنی جنرل نے اعلان کیا تھا کہ انہیں جاسوسی سمیت رشوت اور ٹیکس چوری سمیت متعدد الزامات میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے، ان کا مقدمہ 11 نومبر کو شروع ہوا، الیجاندرو گل 2018ء سے 2024ء تک وزیرِ معیشت و منصوبہ بندی رہے۔