امریکا پابندیوں کے ذریعے یورپ کو اپنے ماتحت کرنا چاہتا ہے: صدر میکرون

ڈیووس: (دنیا نیوز) فرانسیسی صدر میکرون نے کہا ہے کہ امریکا پابندیوں کے ذریعے یورپ کو اپنے ماتحت کرنا چاہتا ہے، ہم ایسی دنیا کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں کوئی رولز نہیں۔

ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدرمیکرون کا کہنا تھا کہ ہمیں یورپ ترجیح کے راستے پر ڈٹ جانا ہوگا، یورپ کو اہم شعبوں میں چین کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

صدر میکرون نے کہا کہ امریکی تجارتی معاہدے یورپی برآمدات کیلئے نقصان دہ اور ناقابل قبول ہیں، یہ معاہدے یورپ کو کمزور اور تابع کرنے کی کوشش ہیں۔

فرانسیسی صدر نے کہا کہ یورپ پر نئے ٹیرف کا لامتناہی اضافہ بھی بنیادی طور پر ناقابل قبول ہے، یہ ٹیرف علاقائی خودمختاری کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔

عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے میکرون کا کہنا تھا کہ جب دیگر ممالک مساوات کا احترام نہیں کرتے تو یورپ پیچھے رہ جاتا ہے، یورپ امریکی کمپنیوں کے مقابلے میں کمزور اور سرمایہ کاری کی کمی ہے۔

میکرون کا کہنا تھا کہ اب امن، استحکام اور پیش گوئی کا وقت ہے، عالمی امن اور استحکام خطرے میں ہے، معیشت عدم توازن کا شکار ہے۔

فرانسیسی صدر نے کہا کہ سلامتی اور معیشت دونوں کے حوالے سے موجودہ صورتحال تشویشناک ہے،2024 میں دنیا بھر میں جنگوں اور خود مختاری کی طرف جھکاؤ رہا، عالمی قیادت کو کشیدگی کے رجحان کو روکنے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں