گرین لینڈ کو امریکا کا حصہ بنا کر فوجی طور پر محفوظ بنایا جاسکتا ہے: امریکی وزیر خزانہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ جزیرہ گرین لینڈ کو فوجی طور پر صرف تب ہی محفوظ بنایا جا سکتا ہے جب وہ امریکا کا حصہ بن جائے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایک انٹرویو کے دوران اس تزویراتی جزیرے پر کنٹرول حاصل کرنے کے لئے غیر معمولی معاشی دباؤ ڈالنے کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کا دفاع کیا۔

 انہوں نے واضح کیا کہ امریکی انتظامیہ اپنی عظیم معاشی طاقت کو قطبِ شمالی میں جنگ کو روکنے کے لئے ایک پیشگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ امریکی کنٹرول ایک ایسا حفاظتی حصار فراہم کرے گا جس سے سب کا فائدہ ہوگا۔

امریکی وزیر خزانہ بیسنٹ نے اس اقدام کا روس کے جزیرہ نما کریمیا کے الحاق سے موازنہ کرنے کو مسترد کر تے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یورپی بالآخر یہ سمجھ جائیں گے کہ یہ راستہ گرین لینڈ، برِاعظم یورپ کی سلامتی اور امریکا کے لئے بہترین ہے۔

وزیرِ خزانہ نے انتظامیہ کے قانونی مؤقف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا قطعاً کوئی امکان نہیں ہے کہ سپریم کورٹ صدر کے ان ڈیوٹیز کو عائد کرنے کے اختیارات میں مداخلت کرے گی۔

انہوں نے چین کے ساتھ موجودہ صورتحال کو بھی مستحکم قرار دیا لیکن اس عزم کا اعادہ کیا کہ طاقت کے توازن میں کسی بھی بگاڑ کی صورت میں صدر فوری کارروائی کے لئے تیار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں