Published on:20 January, 2026

چیف جسٹس پاکستان کی سپریم کورٹ بار سے ملاقات، کیس مینجمنٹ بہتر بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ بار سے ملاقات کی، اس موقع پر کیس مینجمنٹ بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں سپریم کورٹ میں ماہانہ کاز لسٹ پیشگی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ہفتہ وار کاز لسٹ بدھ تک جاری کی جائے گی، مقدمات کی ڈی لسٹنگ سے 48 گھنٹے قبل اطلاع لازمی ہو گی۔

24 گھنٹے کے اندر ڈی لسٹ ہونے والے کیسز اسی ہفتے دوبارہ مقرر ہوں گے، ابتدائی سماعت کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا، 80 سال سے زائد عمر کے قیدیوں کے مقدمات کو ترجیحی سماعت ملے گی۔

اعلامیہ کے مطابق سمجھوتے سے نمٹائے گئے کیسز بھی ابتدائی سماعت میں شامل ہوں گے، فیصلے اور احکامات فوری طور پر ای میل کے ذریعے وکلاء کو بھجوائے جائیں گے۔

دوپہر کے بعد سماعت کا نیا طریقہ کار منظور کر لیا گیا، فریقین کی مشترکہ درخواست پر لنچ کے بعد سماعت ممکن ہوگی، ایسی سماعتوں میں کسی بنیاد پر التوا نہیں دیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق برانچ رجسٹریز میں بینچز کا تعین مقدمات کی تعداد کے مطابق ہوگا، وکلاء اور سائلین کے لیے پبلک فسیلی ٹیشن سینٹر فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا، رجسٹرار روزانہ 11 سے 11:15 تک شکایات سنیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں