پانڈا سفارتکاری کا خاتمہ: جاپان کا آخری 2 پانڈا چین کو واپس بھیجنے کا اعلان

ٹوکیو: (دنیا نیوز) جاپان اور چین کے درمیان پانڈا سفارتکاری کا خاتمہ ہوگیا، جاپان نے آخری 2 پانڈا چین کو واپس بھیجنے کا اعلان کر دیا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق آخری دونوں پانڈا کو الوداع کہنے کیلئے چڑیا گھر میں ہزاروں لوگ جمع ہوئے، جاپانی وزیر اعظم کے بیان کے بعد جاپان اور چین کے تعلقات میں تناؤ بڑھا۔

جاپان اور چین کے تعلقات میں تناؤ اُس وقت خطرناک حد تک بڑھ گیا جب جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو جاپان اس معاملے میں فوجی مداخلت کرے گا۔

جڑواں پانڈوں کی روانگی کے بعد جاپان میں پہلی بار 1972ء کے بعد سے کوئی پانڈا نہیں ہوگا، یہ وہ سال تھا جب دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات معمول پر آئے تھے، 1949ء میں اپنے قیام کے بعد سے چین خیرسگالی کے طور پر اپنے اتحادی اور بعض حریف ملکوں کو پانڈا بھیجتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ چین اپنے تمام پانڈوں کی ملکیت برقرار رکھتا ہے، حتیٰ کہ وہ بچے بھی جو بیرون ملک پیدا ہوں، میزبانی کرنے والے ممالک اس کے بدلے میں ہر جوڑے کے لئے سالانہ تقریباً 10 لاکھ ڈالر چین کو ادا کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں