اماراتی صدر کی روسی ہم منصب سے ملاقات، تعاون اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یو اے ای کے صدر محمد بن زاید النہیان سے کریملن میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، مشرق وسطیٰ کے مسائل اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، مذاکرات کا آغاز وفود کے ساتھ توسیعی اجلاس میں ہوا اور بعد ازاں صدر پیوٹن اور صدر زاید نے رسمی عشائیے کے دوران بات چیت کی۔

صدر پیوٹن نے یو اے ای کے صدر کا گرینڈ کریملن پیلس میں پرتپاک استقبال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان 55 سالہ سفارتی تعلقات اور مضبوط، متحرک شراکت داری پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے، ٹیکنالوجی اور صنعت میں تعاون بڑھ رہا ہے، اور توانائی، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات جاری ہیں، 2025 کی پہلی نو ماہ میں روسی سیاحوں کی تعداد میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔

صدر پیوٹن نے یو اے ای کی جانب سے یوکرین کے بحران میں سہولت کاری، قیدیوں کے تبادلے اور ابوظہبی میں سہ فریقی مذاکرات میں مدد کی تعریف کی، انہوں نے فلسطینی ریاست کے قیام اور ایران میں موجودہ صورتحال پر بھی نگرانی جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر محمد بن زاید النہیان نے روس اور یو اے ای کے دیرینہ تعاون کو سراہا اور اقتصادی، تجارتی، توانائی، ٹیکنالوجی اور علاقائی استحکام میں مشترکہ ترقی کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے یوکرین اور دیگر تنازعات کے سیاسی و سفارتی حل کی حمایت کی اور انسانی ہمدردی کے اقدامات میں مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تعاون اور گہرائی سے مذاکرات جاری رکھیں گے تاکہ ماسکو اور ابوظہبی کے درمیان مضبوط، باہمی فائدہ مند تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں