تابکاری کا اخراج ہوا تو خلیجی ممالک میں بھی زندگی ختم ہو جائے گی: ایرانی وزیر خارجہ
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے جوہری پلانٹ پر امریکا اور اسرائیل کے حملے پر ایرانی وزیر خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ تابکاری کا اخراج ہوا تو تہران میں ہی نہیں خلیجی ممالک میں بھی زندگی ختم ہو جائے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ یوکرین میں زاپوریژیا جوہری پاور پلانٹ کے قریب حملوں پر مغرب کے غم و غصے کو یاد کریں؟۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا بوشہر میں جوہری تنصیب پر اب تک چار بار بمباری کر چکے ہیں، ہماری پیٹروکیمیکل تنصیبات پر حملے بھی دشمن کے اصل مقاصد کو ظاہر کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے بوشہر ایٹمی پلانٹ پرچوتھی بار حملہ کیا جس میں سکیورٹی گارڈ شہید ہو گیا، صوبہ خوزستان کے شہر ماہشہر میں 6 پیٹرو کیمیکل پلانٹس پر میزائل برسائے گئے۔
حملوں میں پانچ افراد زخمی ہوئے، کئی صنعتی یونٹس کو نقصان پہنچا، اسرائیل نے بیلسٹک میزائل ذخیرے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
تہران اور قم سمیت مختلف شہروں میں دھماکے ہوئے ، اصفہان میں ہلال احمر کا کارکن شہید، البرز صوبے کے پل پر حملہ میں شہدا کی تعداد 13 ہوگئی، چوبیس گھنٹے میں 206 حملے ہوئے، شہدا کی مجموعی تعداد 2070 ہوگئی۔