ایران کا امریکا اور اسرائیل پر توانائی گزرگاہوں میں عدم استحکام پھیلانے کا الزام
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزارت خارجہ نے امریکا اور اسرائیل پر اہم عالمی توانائی گزرگاہوں میں جان بوجھ کر عدم استحکام پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعد ازاں اسی صورتحال کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا جا رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل عالمی توانائی منڈیوں میں امن اور استحکام کے تحفظ کے دعوے کرتے ہیں، تاہم حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف غیر قانونی جنگی اقدامات کے جواز کے لیے ایسے بیانیے کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جنگجویانہ پالیسیوں نے سفارتی عمل کو نقصان پہنچایا اور ایران کے خلاف بلاجواز فوجی کارروائیوں کے ذریعے خطے کی اہم توانائی گزرگاہوں میں کشیدگی اور عدم استحکام پیدا کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں اسی صورتحال کا الزام ایران پر عائد کیا گیا۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل پہلے بحران اور جنگی ماحول پیدا کرتے ہیں اور پھر امن و استحکام کی بحالی کے نام پر مزید اقدامات کے لیے جواز پیش کرتے ہیں۔