وفاق نے آئینی ترمیم کیلئے رابطہ کیا تو معاملہ سی ای سی میں لیکر جائیں گے: شرجیل میمن

کراچی:(دنیا نیوز) سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن وفاق کی جانب سے آئینی ترمیم پر رابطہ کیا جائے گا تو معاملہ مرکزی مجلس عاملہ ( سی ای سی) میں لیکر جائیں گے۔

شہر قائد میں ناصر شاہ و دیگر وزرا کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، اِسی  ماہ شاہراہ بھٹو کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑکوں، ہسپتالوں اور دیگر منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، کراچی شہر کی ٹریفک کے مسائل حل کر رہے ہیں، یپپلزپارٹی سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کر رہی ہے۔

سینئر وزیرِ سندھ کا کہنا تھا کہ مئی کو ہی تاج حیدر برج کی بھی گراؤنڈ بریکنگ ہو گی، کراچی میں گھنٹوں کا سفر اب منٹوں میں طے ہو گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ہم کام کر رہے ہیں اور ہمارے مخالفین پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی شروعات سندھ حکومت نے کی، وفاق کی جانب سے آئینی ترمیم پر رابطہ کیا جائے گا تو سی ای سی میں لیکر جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آئے گا تو پھر اِس پر مشاورت کریں گے، ایم کیو ایم کی سیاست دفن ہو چکی ہے، بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کرکے ایم کیو ایم بھاگ گئی تھی، اُنہوں نے ہمیشہ نفرت اور لسانیت کی بنیاد پر سیاست کی۔

سینئر وزیرِ سندھ کا انمول پنکی کی گرفتاری کے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ پولیس نے معاشرے کی سب سے بڑی برائی کی جڑ کو گرفتار کیا جو منشیات فروشی میں ملوث ہے۔
ناصر حسین شاہ
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کی تمام شاہراہوں کو بہتر کیا جارہا ہے، 23 مئی کو شاہراہ بھٹو فیز ٹو کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں