لاہور سمیت پنجاب بھر میں سورج آگ برسانے لگا، شدید گرمی سے شہری پریشان

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں سورج آگ برسانے لگا جبکہ درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث شہری شدید گرمی سے پریشان ہوگئے۔

لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

شدید گرمی اور تپتی دھوپ کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے گھروں تک محدود رہنے کو ترجیح دی جبکہ سڑکوں اور بازاروں میں معمول سے کم رش دیکھنے میں آیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مزید گرم رہنے کا امکان ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب موسم کا احوال بتانے والوں نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں 19 سے 22 مئی تک بادل برسنے کے امکانات ظاہر کئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں