فرانس میں اسکائی ڈائیونگ طیارہ گر کر تباہ، 11 افراد ہلاک
پیرس: (دنیا نیوز) ملک کے مشرقی علاقے نینسی میں ایک اسکائی ڈائیونگ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جرمنی میں رجسٹرڈ پی سی 6 پیلاٹس طیارہ ٹیک آف کے چند ہی منٹ بعد حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے باعث اس میں سوار تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق مسافروں میں ایسے افراد بھی شامل تھے جو پہلی بار ٹینڈم اسکائی ڈائیونگ کا تجربہ کرنے جا رہے تھے، جبکہ بعض میڈیا رپورٹس میں تربیتی نرسوں کی موجودگی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق طیارہ ایک نجی کمپنی نے ابتدائی پیراشوٹ جمپ کے لیے کرائے پر حاصل کیا تھا۔
حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔