جب تک ضرورت ہوئی لبنان کے سکیورٹی زون میں موجود رہیں گے: نیتن یاہو
تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل جب تک ضرورت محسوس کرے گا، جنوبی لبنان میں قائم سکیورٹی زون میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گا۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور اسرائیل کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر اسرائیل نے کارروائی نہ کی ہوتی تو ایران جوہری ہتھیار حاصل کر لیتا، جبکہ حالیہ اقدامات سے ایرانی حکومت کو سخت دھچکا پہنچا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ معاہدہ ہو یا نہ ہو، اسرائیل کسی بھی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فضائی برتری اسرائیل کی قومی سلامتی کی بنیادی ضمانت ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں پرانے اتحاد ٹوٹ رہے ہیں اور نئے اتحاد تشکیل پا رہے ہیں۔
نیتن یاہو کے مطابق اسرائیل خطے کی تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔