دنیا کے سب سے بڑے کاغذی طیارے کا اعزاز اب اٹلی کے نام
روم:( دنیا نیوز) اٹلی کے طلبا نے دنیا کا سب سے بڑا کاغذی طیارہ بنا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
اٹلی کی یونیورسٹی آف پیسا کے طلبا نے پروجیکٹ "آئیکارس" کے تحت انجینئرنگ ایجوکیشن انفلوئنسر جیکی ڈیل کی معاونت سے صرف کاغذ اور گوند استعمال کرتے ہوئے یہ منفرد طیارہ تیار کیا۔
ریکارڈ ساز کاغذی طیارے کے پروں کا پھیلاؤ 65.75 فٹ جبکہ اس کی لمبائی 23 فٹ ہے۔
یہ طیارہ اٹلی کے شہر بولونیا میں منعقدہ "وی میک فیوچر" ایونٹ کے دوران کامیابی سے اڑایا گیا جہاں اس نے 193.5 فٹ کا فاصلہ طے کیا۔
اس کامیاب پرواز کے بعد یونیورسٹی آف پیسا کے طلبا نے دنیا کے سب سے بڑے کاغذی طیارے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
واضح رہے اس سے قبل یہ اعزاز 2013 سے جرمنی کے برونشویگ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پاس تھا۔