خضدار میں قبائلی رہنما کی رہائش گاہ پرحملہ قابل مذمت ہے: سرفراز بگٹی

کوئٹہ:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار میں قبائلی رہنما اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر میر شفیق الرحمان مینگل کی رہائش گاہ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر اپنے بیان میں میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ میر شفیق الرحمان مینگل نے جس بہادری، جرات اور ثابت قدمی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے اور دہشت گردوں کے سامنے نہ جھکنے کے قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام، قبائلی عمائدین، سیاسی قیادت اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور امن دشمن عناصر کے تمام مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں