پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کا مشترکہ ریسکیو آپریشن، 20 افراد کو ڈوبنے سے بچالیا
کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) نے 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا کامیاب مشترکہ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے اورماڑہ کے قریب سمندر میں ڈوبنے والی مال بردار کشتی کے تمام 20 پاکستانی عملے کے ارکان کو بحفاظت بچا لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مال بردار کشتی میں پانی بھر جانے کے باعث وہ ڈوبنے لگی، جس پر جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کو امدادی کال موصول ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس حنین اور ضروری فضائی وسائل کو فوری طور پر امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کشتی میں سوار تمام 20 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔