ہڑتال کی کال مسترد: وادی لیپہ کے عوام کا پاکستان اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی

مظفرآباد: (دنیا نیوز) وادی لیپہ کے عوام نے وادی لیپہ کی ہڑتال کی کال مسترد کرتے ہوئے پاک فوج سے بھرپور اظہار یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔

وادی لیپہ کے شہریوں نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی سازش کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا ہے، آزاد جموں و کشمیر کے علاقے وادی لیپہ کے شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم اپنے آباؤ اجداد کے نظریے پر قائم ہیں اورپاکستان اور پاک فوج کیخلاف کسی بھی انتشاری گروہ کا ساتھ نہیں دیں گے ۔

شہری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے انتشاری کمیٹی کی کال کو مسترد کر کے بازار اور ٹریفک کو معمول کے مطابق جاری رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں پاک فوج عوام کا تحفظ اور دفاع کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم کر رہی ہے جبکہ یہاں پاک فوج ہماری حفاظت کر رہی ہے۔ ہمارا ایک ہی نظریہ ہے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اور پاکستان ہمارا ہے ۔ پاک فوج ملکی سلامتی اور دفاع کی ضمامن ہے جبکہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

شہری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مسلح افواج کیخلاف کسی بھی تحریک کا حصہ نہ پہلے بنے ہیں نہ اب بنیں گے، کالعدم کمیٹی کے احتجاج سے مقامی تاجروں اورشہریوں کو شدید معاشی نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں